کیسی محبت ہے؟؟؟
میں آج تک نہیں سمجھ پائی محبت کیا ہے؟ کسی کا اچھا لگنا. کسی سے باتیں کرنا. کسی کی پرواہ کرنا. کسی کو خود سے زیادہ چاہنا؟ کسی کو پا لینا یا کسی کو کھو دینا. بہت سارے لوگوں سے سنا کہ محبت روح سے ہوتی ہے. مگر روح سے محبت کے چکر میں جسم کا دروازہ کھولتے ہوئے بچوں کی جو لائن برآمد ہوتی ہے اسکو کہا کہیں گے؟ محبت کا تعلق اگر صرف روح سے ہے تو پانے کی خواہش اور کھونے کا ڈر کیسا؟ محبتوں کا دم بھرنے والے اکثر یہ کہتے پائے جاتے ہیں تم سے کیسا پردہ میرے جسم, میری جان پہ مجھ سے زیادہ حق تمھارا ہے. اسکا مطلب ہے محبوب ایک دوسرے کے سامنے برہنہ ہیں کوئی پردہ نہیں اگر ایسا ہے تو روح کہاں ہے اس میں؟کبھی سوچا ہے اگر اللہ کو محبت ایسے ہی رکھنا ہوتی ننگی دھڑنگی غلاظت زدہ تو میاں بیوی کا رشتہ کیوں بناتا؟ کبھی سوچا ہے محبت کرنے والے ہمیشہ پل صراط پہ چلتے ہیں گناہ اور ثواب کی بیچ کی پل صراط, نیکی اور بدی کی پل صراط, جائز اور ناجائز کی پل صراط. اتنے پل صراطوں کو پار کرنے کے لیے موبائل کے سگنلز کا چھوٹا سا سہارا, جھوٹے سچے وعدوں کی کمزور ڈور اور نمبر بلاک کرنے سے پہلے کی ہلکی سی امید ہوتی ہے. ان کو نکال دیا جائے تو محبتوں چاہتوں اور وفاوں کی ناؤ بیچ بھنور ڈوب جائے. پتہ نہیں کیسی محبتیں ہیں کہ جنکی انگلی پکڑے کالج اور یونیورسٹی کی لڑکیاں سموسے پکوڑے کھاتی حمل نہ ٹھہرنے کی گولیاں کھانے لگتی ہیں. نہیں معلوم کونسی چادر ہے ان محبتوں کی جوکسی غیر کے سامنے بچھتے ہوئے ننگا نہیں ہونے دیتی. پتہ نہیں گھروں کے چراغ کب باپ بھائیوں کی محنت کی کمائی سے کسی کے گھر کی عزتوں پہ نقعب لگانے لگتے ہیں انہیں کھانا کھلانے لگتے ہیں. گھروں میں رو کر پینٹ شرٹ خریدنے کے پیسے مانگنے والے انہی پیسوں سے کنڈم خریدنے لگتے ہیں. خدا معلوم کونسی محبت ہے جو عزتوں کے جنازے اٹھائے سر پٹ بھاگ رہی ہے. وہ ماں باپ بہن بھائی جنکے جینے کی آخری امید ان عاشقوں سے وابستہ ہوتی ہے یہی عاشق انکا سوچے بغیر محبوب سے دوری پہ خودکشی کی ڈولی میں بیٹھ کر موت کی وادی میں ہمیشہ کی نیند سو جاتے ہیں اور کوئی کچھ نہیں کر پاتا آخر کیسی محبت ہے اندھی, خود غرض جسکا اپنے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا.
خدا معلوم اسکا کونسا روپ سچا ہے. کسی کے لیے سحر, کسی کے لیے زہر تو کسی کے لیے قہر ہے یہ محبت.کاش کبھی کوئی جان پائے نکاح کے بغیر گلے کا ہار بننا ایسا ہی ہے جیسے جیتے جی بہت سارے سانپوں کو گلے لگانا. میٹھی میٹھی باتیں ایسے ہیں جیسے بچھو کے ڈنک اور جھوٹی سچی تعریفیں یوں کی جیسے کوئی پارسائی کا مذاق اڑائے اور بیچ چوراہے گالیاں دے. مگر کسی کو سمجھ کہاں کہ یہ محبتیں نہیں غلاظتیں ہیں..
مصباح چوہدری
Comments
Post a Comment