ادھوری عورت

ادھوری عورت
پیدا ہوتے ہیں دادی نے کہا لو جی پہلے ہی بیٹی پیدا ہو گئی اب دیکھنا لڑکیوں کی لائن لگ جانی. باپ نے یہ سوچ کہ منہ پھیر لیا کہ بڑا بیٹا ہوتا تو میرا بوجھ بانٹتا اب زندگی کا انحصار اللہ کے بعد اس دنیا میں ماں کے کمزور کندھوں پہ تھا. زندگی آگے بڑھنے لگی سب پیار بھی کرنے لگے مگر سب اچھا کیسے چل سکتا ہے ابھی دو ماہ ہی ہوئے تھے دنیا میں آئے کہ ماں کے دودھ کی نعمت سے بھی محروم ہونا پڑا کیونکہ اگلے بچے کے لیے بیج بویا جا چکا تھا کبھی بھینس کبھی گائے کبھی بکری کے دودھ کو نعم البدل کے طور پہ استعمال کروایا گیا اور غریب گھر کیونکہ دودھ کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتا تھا تو چائے پہ گزارہ کرنا پڑا. اگلا بچہ بیٹا تھا تو سب کی بانچھیں کھل گئی باپ کے بڑھاپے کا سہارا ماں کا راج دلارا ددھیال کی نسلوں کا چلانے والا. باپ کی ادھوری محبت ماں کا مجبوریوں میں بٹا دلار. دونوں بچوں کو پال نہیں سکتی تو بیٹی ننھال کے سپرد. کبھی سوچا ہے کہ ننھال میں ان بچوں کی کیا وقعت ہوتی جنکے ماں باپ کسی بوجھ کی طرح اتار پھینکیں؟ گلے پڑا ڈھول جسکو بس بجانا ہے. خیر اگلی بہن اگلے بھائی آنے پہ ماں کو آیا چاہیے اسلیے اس موم کی گڑیا کو پانچ چھ سال کہ عمر میں ہی ماں بنا دیا جاتا ہے. ماں کا کام بس بچے جننا رہ جاتا ہے باقی ساری ذمہ داری اس کرم جلی کی جسکے نصیب میں مقررہ مدت تک دودھ بھی نہیں تھا. اپنی تعلیم کے ساتھ گھر کے کام اور بہن بھائیوں کی استانی کا شرف بھی اسی بیٹی کو حاصل ہوتا ہے. اور پھر چھوٹوں کی تعلیم اور ماں کی بیماری کے باعث کمزوری پہ تعلیم ادھوری چھوڑنے کا سہرا بھی اسی کے سر. محرومیوں کے دور میں حسرتیں سمیٹے برائے نام بچپن سے بڑھاپے میں قدم رکھنے والی بڑی بہن ہر رشتہ ہر خواہش ہر سکھ ادھورا لیے باقی سارے کام پورے کرنے کی جستجو میں زندگی کاٹ لیتی ہے. وہی بہن بھائی جس کے لیے اس نے ساری قربانیاں دی ہوتیں آخر ان پہ بوجھ کی طرح مسلط کبھی کوئی فیصلہ پورا نہیں کر پاتی. اور سوچنے والے کبھی سوچ ہی نہیں پاتے کہ وہ کیا سوچتی ہے کیا چاہتی ہے. کون جانے ہر رشتہ ہر احساس ہر محبت ہر سکھ ادھورا ملنے پہ خاموش رہنے والی کتنی ادھوری ہوگئی ہے کوئی کیا جانے آدھا لیکر پورا لوٹانے کی تگ و دو میں کتنی بار مرتی ہے کتنی بار جیتی ہے. کبھی تو سوچیں کہ جسکو آدھی بیٹی آدھی بہن مانا گیا پوری عورت کیسے بن سکتی ہے؟
✍🏻مصباح چوہدری

Comments

Popular posts from this blog

پاکستان...پاک لوگوں کے رہنے کی جگہ

I am a d-girl

بچوں کی زندگی میں والدین کا کردار